(فائل فوٹو)
حیدرآباد (دکن فائلز) بامبے ہائیکورٹ نے 2008 کے ممبئی حملہ مقدمہ کے ایک ملزم فہیم انصاری کی درخواست مسترد کر دی۔
فہیم انصاری، جو 2010 میں 26/11 کیس میں بری ہو چکے تھے، نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ انہیں پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ (PCC) جاری کیا جائے تاکہ وہ آٹو رکشہ ڈرائیور کے طور پر کام کر سکیں۔
مکتوب میڈیا کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس کا کلیئرنس دینے سے انکار درست ہے، اور اس بنیاد پر درخواست خارج کر دی گئی۔
درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ PCC نہ ملنے سے ان کے بنیادی حقوق، خصوصاً روزگار کے حق (آرٹیکل 19 اور 21)، متاثر ہو رہے ہیں۔ تاہم ریاستی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ وہ دیگر ایسے پیشے اختیار کر سکتے ہیں جن کے لیے پولیس کلیئرنس ضروری نہیں۔
یہ بھی سامنے آیا کہ اگرچہ وہ ممبئی حملہ کیس میں بری ہو چکے تھے، لیکن ایک دوسرے مقدمے میں سزا کاٹ چکے ہیں اور رہائی کے بعد مختلف چھوٹے کام کرتے رہے ہیں۔
ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلے میں یہ بحث سامنے آرہی ہے کہ کیا بری ہونے کے باوجود سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر کسی شہری کو مکمل طور پر روزگار کے مواقع سے محروم کیا جا سکتا ہے؟


