حیدرآباد (دکن فائلز) عزیز وطن اور ہم وطنوں کےلئے جب بھی ضرورت پڑی مسلمان سب سے آگے رہے۔ مدھیہ پردیش کے شہر جبل پور میں پیش آنے والے برگی ڈیم حادثہ میں ایک مسلم نوجوان رمضان کی بہادری نے سب کو متاثر کر دیا، جس نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر متعدد افراد کو ڈوبنے سے بچایا۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب طوفانی ہواؤں کے دوران ایک کروز کشتی ڈیم میں الٹ گئی، جس کے نتیجے میں کئی افراد پانی میں پھنس گئے۔ قریبی مقام پر پل کی تعمیر میں مصروف مزدوروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے امدادی کارروائی شروع کر دی۔
عینی شاہدین کے مطابق 22 سالہ مسلم نوجوان رمضان، جو مغربی بنگال سے تعلق رکھتے ہیں، نے اپنی کمر پر رسی باندھی اور تقریباً 25 فٹ کی بلندی سے پانی میں چھلانگ لگا دی۔ انہوں نے چھ افراد کو باہر نکالا جن میں سے چار کی جان بچ گئی۔
اس حادثے میں اب تک متعدد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ کئی کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ مقامی افراد رمضان کو ’’فرشتہ‘‘ قرار دے رہے ہیں جس نے مشکل وقت میں غیر معمولی جرأت کا مظاہرہ کیا۔
ریاستی حکام نے اعلان کیا ہے کہ ریسکیو میں حصہ لینے والے مزدوروں کو انعام سے نوازا جائے گا، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔


