حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے “پرجہ پالنا پرگتی پرنالیکا تلنگانہ جاب میلہ 2026” کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ اس جاب میلے کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو نجی شعبے میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
یہ جاب میلہ ریاستی محکمہ کھیل و یوتھ سروسز کی نگرانی میں DEET کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ حکومت کا مقصد مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو براہِ راست کمپنیوں سے جوڑنا ہے۔
حکام کے مطابق رنگاریڈی ضلع کے امیدواروں کے لیے 11 مئی کو سرورنگر انڈور اسٹیڈیم میں جاب میلہ منعقد ہوگا، جبکہ حیدرآباد ضلع کے امیدواروں کے لیے 12 مئی کو ڈاکٹر بابو جگجیون رام بھون کتہ پیٹ دلسکھ نگر میں پروگرام رکھا گیا ہے۔ دونوں مقامات پر صبح 9 بجے سے انٹرویوز کا آغاز ہوگا۔ اس جاب میلے میں 50 سے زائد بڑی نجی کمپنیاں حصہ لیں گی۔ آئی ٹی، فارما، بینکنگ، ریٹیل اور دیگر سروس سیکٹرز میں روزگار کے بے شمار مواقع دستیاب ہوں گے۔
حکام نے بتایا کہ دسویں جماعت سے لے کر پی جی، بی ٹیک اور ڈپلومہ تک مختلف تعلیمی قابلیت رکھنے والے امیدوار شرکت کر سکتے ہیں۔ امیدواروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے تعلیمی اسناد کی فوٹو کاپیاں اور تازہ ریزیومے ساتھ لائیں۔
اس کے علاوہ DEET موبائل ایپ میں پہلے سے رجسٹریشن کرنے والے امیدواروں کو انتخابی عمل میں ترجیح دی جا سکتی ہے۔ حکام کے مطابق اہل امیدواروں کے انٹرویوز موقع پر ہی لیے جائیں گے اور منتخب ہونے والوں کو فوری طور پر آفر لیٹر بھی جاری کیے جا سکتے ہیں۔
تلنگانہ حکومت نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہتر روزگار حاصل کریں۔


