پاکستان میں کم عمری میں شادی کرنے والی سوشل میڈیا اسٹار جوڑی کے ہاں بچے کی پیدائش

پاکستان میں فروری 2020 میں کم عمری میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے سوشل میڈیا اسٹار اسد اور نمرہ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش پر مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔

اسد اور نمرہ فروری 2020 میں اس وقت مشہور ہوگئے تھے جب ان کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔

دونوں کی تصاویر پر سوشل میڈیا پر زبردست بحث چھڑ گئی تھی اور لوگوں نے ان کی شادی کو کم عمری کی شادی قرار دیا تھا، تاہم بعض لوگوں نے ان کی شادی کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ گناہ سے نکاح اچھا ہوتا ہے۔

شادی کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد ہی دونوں سوشل میڈیا اسٹار بنے تھے۔

دونوں کا آبائی تعلق پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے ہے اور دونوں قریبی رشتے دار بھی ہیں، تاہم شادی کے بعد دونوں مسقط منتقل ہوگئے تھے، جہاں اسد کے والدین پہلے سے ہی سیٹل تھے۔

اسد اور نمرہ کی شادی اس وقت وائرل ہوئی تھیں جب اسد کی بڑی بہن نے ان کی شادی کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔

شادی کی تصاویر سے شہرت حاصل کرنے کے بعد سوشل میڈیا اسٹار بننے والی جوڑی نے بعد ازاں، ٹک ٹاک، یوٹیوب اور انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ولاگز بنانا شروع کیے تھے۔

اسد اور نمرہ کے مداح نہ صرف پاکستان بلکہ عرب ممالک سمیت یورپ و امریکا میں بھی موجود ہیں اور ان کی جوڑی کو بہت سراہا جاتا رہا ہے۔

اسد نے یوٹیوب پر ولاگ شیئر کیا، جس میں انہوں نے ہسپتال کے مناظر دکھاتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کے ہاں 9 اگست کو بیٹے کی پیدائش ہوئی۔

ان کی جانب سے شیئر کیے گئے ولاگ میں ان کے اہل خانہ کو بھی دکھایا گیا، جنہوں نے اسد اور نمرہ کے ہاں چھوٹی عمر میں پہلے بچے کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے خدا کے شکرانے بھی ادا کیے۔

اسد کی جانب سے ولاگ شیئر کیے جانے پر مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
———–
Please Visit Website: www.deccanfiles.com
Please Like Facebook Page: www.facebook.com/deccanfiles
Please Subscribe Our Channel: https://www.youtube.com/channel/UCLjY…
Join Our Whatsapp Group: https://chat.whatsapp.com/FpjNXEYZ8YJ…

اپنا تبصرہ بھیجیں