حیدرآباد (دکن فائلز) مہاراشٹر میں ٹی سی ایس مبینہ کنورژن کیس کی ملزمہ ندا خان کو پناہ دینے کے الزام میں مجلس اتحاد المسلمین کے کارپوریٹر متین پٹیل کے مکان پر بلڈوزر کارروائی کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ میونسپل کارپوریشن نے مبینہ غیر قانونی تعمیرات کے سلسلے میں نوٹس جاری کردیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ندا خان کو چند دن قبل اورنگ آباد کے علاقے ناریگاؤں میں واقع ایک مکان سے گرفتار کیا گیا تھا جہاں وہ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ مقیم تھیں۔ اس مکان کا تعلق مجلس کے کارپوریٹر متین پٹیل سے بتایا جا رہا ہے۔
میونسپل حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ متعلقہ مکان کی تعمیر کیلئے مطلوبہ دستاویزات پیش نہیں کیے گئے، جس کے بعد تین دن کا نوٹس جاری کیا گیا۔ دوسری جانب متین پٹیل نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے مجوزہ انہدامی کارروائی رکوانے کی کوشش کی ہے۔
اس معاملے نے سیاسی رنگ اختیار کرلیا ہے اور اپوزیشن جماعتیں اسے “بلڈوزر سیاست” قرار دے رہی ہیں جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ کارروائی صرف غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کی جا رہی ہے۔


