’بیٹے کی پرورش کےلئے وقت نہ نکالنے پر افسوس! آخری سانس تک ہندو دھرم کےلئے کام کرنے کا عہد‘: پوکسو کیس میں ملزم کے والد بنڈی سنجے کا ہندو ایکتا یاترا میں بڑا بیان

حیدرآباد (دکن فائلز) مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ بندی سنجے کمار نے اپنے بیٹے بھگیرتھ کے خلاف درج پوکسو کیس پر پہلی مرتبہ کھل کر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کا بیٹا غلط ثابت ہوتا ہے تو قانون کے مطابق اسے سزا ملنی چاہیے۔

کریم نگر میں منعقدہ ’’ہندو ایکتا یاترا‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے بندی سنجے نے کہا کہ کچھ لوگ ان کے بیٹے کو مجرم بنا کر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ ان کا بیٹا خود کو بے قصور قرار دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹے سے بھی یہی کہا ہے کہ اگر وہ بے قصور ہے تو عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کرے۔

بندی سنجے نے واضح کیا کہ وہ قانون اور عدالتی نظام کا احترام کرتے ہیں اور اگر ان کے بیٹے نے کوئی غلطی کی ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’’قانون کے سامنے سب برابر ہیں، چاہے وہ میرا بیٹا ہی کیوں نہ ہو۔‘‘

انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ عوامی زندگی میں مصروف رہنے کی وجہ سے وہ اپنے خاندان اور خاص طور پر بیٹے کو مناسب وقت نہیں دے سکے، جسے وہ اپنی کوتاہی مانتے ہیں۔ مرکزی وزیر نے الزام لگایا کہ ان کے خاندان کو سیاسی سازش کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’آج میرے خاندان کو نشانہ بنایا گیا ہے، لیکن اسی آگ سے میں کرپٹ نظام کو جلا دوں گا۔‘‘

بندی سنجے نے اپنی سیاسی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک عام کارکن کی حیثیت سے سفر شروع کیا، کئی مشکلات برداشت کیں، جیل گئے، 109 مقدمات کا سامنا کیا لیکن کبھی خوفزدہ نہیں ہوئے۔ انہوں نے ہندو ایکتا یاترا کے حوالے سے کہا کہ گزشتہ 16 برسوں سے یہ یاترا ہندو اتحاد کے پیغام کے لیے نکالی جا رہی ہے اور وہ آخری سانس تک ’’ہندو دھرم‘‘ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ بندی سنجے کے بیٹے بھگیرتھ کے خلاف حیدرآباد کے پیٹ بشیر آباد پولیس اسٹیشن میں پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ معاملہ سیاسی سطح پر بھی موضوع بحث بنا ہوا ہے جبکہ بھگیرتھ نے تلنگانہ ہائی کورٹ سے پیشگی ضمانت کی درخواست بھی دائر کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں