دہلی میں انسانیت شرمسار! چلتی بس میں خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی، ڈرائیور اور کنڈکٹر گرفتار

حیدرآباد (دکن فائلز) دارالحکومت دہلی ایک بار پھر خواتین کے خلاف سنگین جرائم کے باعث سرخیوں میں آ گیا، جہاں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر چلتی ہوئی سلیپر بس میں اجتماعی زیادتی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاتون اتر پردیش سے دہلی آئی تھی اور ایک نجی سلیپر بس کے ذریعے سفر کر رہی تھی۔ الزام ہے کہ سفر کے دوران بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر نے خاتون کو نشانہ بنایا اور چلتی بس میں زیادتی کی۔ بعد ازاں خاتون نے موقع ملنے پر پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد فوری کارروائی کی گئی۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ کرایا گیا ہے جبکہ دونوں ملزمان کے خلاف اجتماعی زیادتی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں کئی اہم شواہد بھی حاصل ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ بس کو ضبط کر لیا گیا ہے اور روٹ، سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل لوکیشن سمیت تمام پہلوؤں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ دہلی پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس واقعے کے بعد خواتین کے تحفظ اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سکیورٹی کے انتظامات پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ سماجی کارکنوں اور خواتین تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ایسے دل دہلا دینے والے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں