سڑک حادثہ میں نئی نویلی دلہن جاں بحق: حیدرآباد میں المناک واقعہ

(تصویر بشکریہ این ٹی نیوز)
حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد میں ایک انتہائی افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ڈی سی ایم گاڑی کی ٹکر سے ایک نئی نویلی دلہن کی موقع پر ہی دردناک موت ہوگئی، جبکہ شوہر اور نند زخمی ہوگئے۔ اس المناک واقعہ کے بعد پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی اور متاثرہ خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی۔

تفصیلات کے مطابق بندلہ گوڑہ پولیس اسٹیشن حدود کے تحت واقع نوری نگر کی رہنے والی 20 سالہ فاطمہ بیگم جمعرات کی رات اپنے شوہر کے ساتھ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد اسکوٹی پر واپس گھر لوٹ رہی تھیں۔ ان کے ساتھ ان کی نند بھی موجود تھی۔ اسی دوران چندرائن گٹہ میں ایک تیز رفتار ڈی سی ایم گاڑی نے ان کی ایکٹیوا اسکوٹی کو زور دار ٹکر ماردی۔

حادثہ اس قدر شدید تھا کہ فاطمہ بیگم سڑک پر گر پڑیں اور ڈی سی ایم گاڑی ان کے اوپر سے گزر گئی، جس کے نتیجے میں فاطمہ نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ حادثے کے بعد وہاں موجود افراد سکتے میں آگئے اور علاقے میں کہرام مچ گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ انتہائی ہولناک تھا اور متاثرہ خاندان کی چیخ و پکار سے ماحول غمزدہ ہوگیا۔

حادثے میں فاطمہ بیگم کے شوہر اور نند بھی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور حالات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں فاطمہ بیگم کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے ڈی سی ایم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی جانچ میں لاپرواہی اور تیز رفتاری کو حادثے کی اہم وجہ مانا جارہا ہے۔ مقامی افراد نے شہر میں بڑھتے سڑک حادثات پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔

نئی نویلی دلہن کی اچانک موت نے اہل خانہ کو گہرے صدمے میں مبتلا کردیا ہے۔ خوشیوں سے بھرا گھر چند لمحوں میں ماتم کدہ بن گیا اور شادی کی خوشیاں غم میں تبدیل ہوگئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں