حیدرآباد: نامپلی ریلوے اسٹیشن پر حیدرآباد۔جے پور اسپیشل ٹرین کے اے سی کوچ میں آگ، کوئی جانی نقصان نہیں

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے نامپلی ریلوے اسٹیشن پر جمعہ کی شام اس وقت سنسنی پھیل گئی جب حیدرآباد۔جے پور اسپیشل ٹرین کے اے سی کوچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرین پلیٹ فارم پر کھڑی تھی اور کوچ میں آگ لگنے کے بعد فوری طور پر ریلوے عملہ اور فائر سروسز حرکت میں آگئیں۔

جنوبی وسطی ریلوے کے مطابق آگ ایک خالی کوچ میں لگی، اس لیے خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بعض رپورٹس میں دو اے سی کوچس متاثر ہونے کی بات بھی سامنے آئی ہے، تاہم مسافروں کو محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا گیا اور فائر بریگیڈ نے کچھ ہی دیر میں آگ پر قابو پالیا۔

ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کو آگ کی ممکنہ وجہ سمجھا جا رہا ہے، تاہم ریلوے حکام نے واقعہ کی تفصیلی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اصل وجہ جانچ کے بعد ہی واضح ہوگی۔

واقعہ کے بعد اسٹیشن پر کچھ دیر کے لیے افرا تفری کا ماحول دیکھا گیا، لیکن ریلوے عملہ اور فائر فائٹرز کی بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ ریلوے حکام نے کہا کہ مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی گئی اور صورتحال کو فوری طور پر قابو میں کر لیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں