حیدرآباد (دکن فائلز) راجستھان کے کوٹا میں اتوار کی صبح دہلی جانے والی تھرواننت پورم-حضرت نظام الدین راجدھانی ایکسپریس میں اچانک آگ لگنے سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع کے مطابق آگ ٹرین کے اے سی کوچ B-1 میں بھڑکی، تاہم ریلوے عملہ اور مقامی انتظامیہ کی فوری کارروائی کے سبب تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً 5:15 بجے کوٹا ڈویژن کے وکرم گڑھ الوٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ ٹرین کی روانگی کے دوران اچانک کوچ سے دھواں اور آگ کے شعلے اٹھتے دیکھ کر گارڈ نے فوری طور پر لوکو پائلٹ کو اطلاع دی، جس کے بعد ٹرین کو فوری روک دیا گیا۔
ریلوے حکام نے حفاظتی اقدام کے طور پر متاثرہ کوچ کو باقی ٹرین سے الگ کر دیا جبکہ اوور ہیڈ الیکٹرک سپلائی بھی بند کر دی گئی تاکہ آگ مزید نہ پھیل سکے۔ بتایا گیا ہے کہ کوچ میں موجود تقریباً 68 مسافروں کو صرف چند منٹوں میں بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور بعد ازاں انہیں دیگر بوگیوں میں منتقل کر کے سفر جاری رکھنے کا انتظام کیا گیا۔
حادثے کے بعد دہلی-ممبئی ریلوے روٹ پر کچھ وقت کے لیے ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر رہی جبکہ فائر بریگیڈ اور ریلوے کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ابتدائی اطلاعات میں شارٹ سرکٹ کو آگ لگنے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ریلوے حکام نے مکمل جانچ شروع کر دی ہے۔
یہ راجدھانی ایکسپریس کیرالہ کے تھرواننت پورم سے دہلی کے حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن جا رہی تھی۔ حادثے کے باعث ٹرین اپنے مقررہ وقت سے مزید تاخیر کا شکار ہو گئی۔


