حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ انجینئرنگ، ایگریکلچر اور فارمیسی کامن انٹرنس ٹیسٹ TG EAPCET 2026 کے نتائج جاری کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد لاکھوں طلبا و طالبات کا بے چینی سے جاری انتظار ختم ہوگیا۔ اس سال بھی حیدرآباد اور اطراف کے طلبا نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹاپ رینکس اپنے نام کیے۔
جے این ٹی یو کی نگرانی میں منعقد ہونے والے امتحانات میں تین لاکھ سے زائد طلبا نے شرکت کی۔ نتائج ریاستی حکومت کے مشیر کے کیشو راؤ اور محکمہ تعلیم کی سیکریٹری یوگیتا رانا نے جاری کیے۔ اعداد و شمار کے مطابق انجینئرنگ اسٹریم میں 93.58 فیصد جبکہ ایگریکلچر اور فارمیسی اسٹریم میں 93.38 فیصد طلبا کامیاب قرار پائے۔
حکام کے مطابق اس سال امتحانات مکمل ہونے کے صرف چھ دن بعد نتائج جاری کیے گئے، جسے ایک ریکارڈ پیش رفت مانا جا رہا ہے۔ امتحانات 16 ٹیسٹ زونز کے 125 مراکز میں آن لائن طریقہ سے منعقد کیے گئے تھے۔ انجینئرنگ اسٹریم میں 2,10,766 طلبا میں سے 1,97,242 طلبا شریک ہوئے، جبکہ ایگریکلچر اور فارمیسی اسٹریم میں 84,954 امیدواروں نے امتحان دیا۔
نتائج کے مطابق:
* پہلی رینک ایم روشی (اپل حیدرآباد)
* دوسری رینک انشُل (موسیٰ پیٹ حیدرآباد)
* تیسری رینک ایم ونشی دھر ریڈی (کڑپہ آندھراپردیش)
* چوتھی رینک جے روشن مندیپ (گنٹور آندھراپردیش)
* پانچویں رینک اے سائی نکھت (محبوب نگر) نے حاصل کی۔
اسی طرح میڑچل، بنجارہ ہلز، کونڈاپور، ایل بی نگر اور سچترا کے طلبا بھی ٹاپ 10 رینکرس میں شامل رہے، جس سے حیدرآباد اور تلنگانہ کے تعلیمی معیار کا ایک بار پھر ثبوت ملا ہے۔
طلبا سرکاری ویب سائٹ پر رجسٹریشن نمبر، ہال ٹکٹ نمبر اور تاریخِ پیدائش درج کر کے اپنے رینک کارڈ اور مارکس ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ اس سال نئی پالیسی کے تحت امتحان ختم ہوتے ہی طلبا کو ابتدائی مارکس کمپیوٹر اسکرین پر دکھانے کا نظام بھی متعارف کرایا گیا تھا، جسے طلبا نے سراہا۔


