ٹرمپ اور نیتن یاہو کو “جہنم واصل” کرنے والے کے لیے کروڑوں ڈالر انعام کا مبینہ ایرانی منصوبہ

حیدرآباد (دکن فائلز) ایران میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے قتل پر مبینہ طور پر 5 کروڑ یورو، یعنی تقریباً 5 کروڑ 82 لاکھ ڈالر انعام مقرر کرنے کے منصوبے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی مبینہ طور پر ایک بل تیار کر رہی ہے، جسے تہران پر حملوں کے ردعمل میں پیش کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مجوزہ قانون کے تحت کسی بھی فرد یا گروہ کو یہ رقم دی جائے گی جو ٹرمپ اور نیتن یاہو کے خلاف کارروائی کرے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے بعض ارکان نے اسے جوابی کارروائی کا حصہ قرار دیا ہے، جبکہ تجزیہ کاروں کے مطابق اس طرح کی پیش رفت امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید خطرناک بنا سکتی ہے۔

یہ اطلاعات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب خطے میں سیاسی و عسکری تناؤ پہلے ہی عروج پر ہے۔ عالمی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کے بیانات اور مبینہ منصوبے سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور مشرق وسطیٰ میں نئی محاذ آرائی کا سبب بن سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں