حیدرآباد (دکن فائلز) جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے گائے کو قومی جانور قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گائے کے نام پر ہجومی تشدد، نفرت کی سیاست اور بے قصور افراد کے قتل کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گائے کے تحفظ سے متعلق قانون پورے ملک میں یکساں طور پر نافذ کیا جائے تو اس مسئلہ کا مستقل حل نکل سکتا ہے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ اکثریتی طبقہ گائے کو مقدس مانتا ہے، اس لیے حکومت کو واضح فیصلہ کرنا چاہیے تاکہ مذہب کے نام پر سیاست اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کا سلسلہ ختم ہو۔ انہوں نے کہا کہ بعض ریاستوں میں گائے کا گوشت کھلے عام فروخت ہوتا ہے، لیکن وہاں تشدد نہیں ہوتا، جبکہ مسلم آبادی والے علاقوں میں اس موضوع کو نفرت پھیلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے اور جانوروں کے ذبیحہ سے متعلق مختلف ریاستوں میں الگ الگ پالیسیوں کے بجائے یکساں ضابطہ ہونا چاہیے۔


