حیدرآباد: پتھرگٹی ایس وائی جے کامپلکس میں ملبوسات کی دکان میں بھیانک آگ، کوئی جانی نقصان نہیں

حیدرآباد (دکن فائلز) پرانے شہر حیدرآباد کے مصروف تجارتی علاقہ پتھرگٹی میں واقع ایس وائی جے کامپلکس میں جمعرات کی صبح ایک ملبوسات کی دکان میں بھیانک آگ لگ گئی، جس کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آگ یونس ہوزری نامی دکان میں لگی، جہاں کپڑوں اور دیگر آتش گیر سامان کی موجودگی کے باعث شعلے تیزی سے پھیل گئے۔

اطلاع ملتے ہی فائر ڈپارٹمنٹ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ مغل پورہ، گؤلی گوڑہ، ہائی کورٹ اور سالارجنگ میوزیم فائر اسٹیشنوں سے فائر ٹینڈرس کو روانہ کیا گیا، جبکہ سیاسَت کے مطابق مجموعی طور پر آٹھ فائر ٹینڈرس آگ بجھانے کے کام میں لگائے گئے۔

فائر عملہ نے کامپلکس اور اطراف کے حصہ کو محفوظ بناتے ہوئے آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کی۔ مقامی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور ہجوم کو قابو میں رکھنے کے ساتھ ٹریفک کو متاثرہ علاقہ سے دور موڑنے کی کوشش کی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خوش قسمتی سے اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

آگ لگنے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔ حکام کے مطابق مکمل جانچ کے بعد ہی نقصان اور آگ کی وجہ سے متعلق واضح تفصیلات سامنے آئیں گی۔ پرانے شہر کے گنجان تجارتی علاقوں میں بار بار پیش آنے والے آتشزدگی واقعات نے دکانوں میں فائر سیفٹی انتظامات، برقی وائرنگ اور ہنگامی راستوں کے مسئلہ کو ایک بار پھر بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں