ذی الحجہ کے پہلے جمعہ پر مسجد الحرام میں روح پرور منظر، لاکھوں فرزندانِ اسلام کی نماز جمعہ میں شرکت

حیدرآباد (دکن فائلز) ذی الحجہ کے مقدس مہینہ کے پہلے جمعہ کے موقع پر مسجد الحرام میں روح پرور اور ایمان افروز مناظر دیکھنے کو ملے، جہاں دنیا بھر سے آئے لاکھوں زائرین اور حجاج کرام نے نماز جمعہ ادا کی۔ خانہ کعبہ کے اطراف ’’لبیک اللہم لبیک‘‘ اور درود و اذکار کی صداؤں سے فضا گونجتی رہی جبکہ روحانیت، عقیدت اور بندگی کے مناظر ہر دل کو متاثر کرتے دکھائی دیے۔

امامِ کعبہ شیخ ڈاکٹر ماہر المعیقلی نے خطبہ جمعہ میں ذی الحجہ کے ابتدائی دس دنوں کی عظمت اور فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب اور بابرکت ایام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں میں کیے جانے والے نیک اعمال، عبادات، ذکر، صدقات اور توبہ کو اللہ تعالیٰ خصوصی قبولیت عطا فرماتا ہے۔

شیخ ماہر المعیقلی نے حجاج کرام کو نصیحت کی کہ وہ مناسکِ حج کو مکمل وقار، صبر اور نظم و ضبط کے ساتھ ادا کریں اور سعودی حکومت کی جانب سے جاری تمام سرکاری ہدایات اور ضوابط کی پابندی کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر اجازت حج کرنا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے دیگر حجاج کے لیے مشکلات پیدا ہوتی ہیں اور حج کے منظم انتظامات متاثر ہوتے ہیں۔

امامِ کعبہ نے اپنے خطبہ میں امت مسلمہ کو تقویٰ، اخوت، صبر اور اتحاد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حج انسان کو عاجزی، قربانی اور اللہ سے تعلق مضبوط کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے حجاج سے اپیل کی کہ وہ اپنے اس مقدس سفر کو دنیاوی اختلافات اور نفرتوں سے پاک رکھتے ہوئے صرف اللہ کی رضا اور مغفرت کے حصول کے لیے وقف کریں۔

نماز جمعہ کے بعد لاکھوں زائرین نے خانہ کعبہ کے گرد طواف کیا، نوافل ادا کیے اور امت مسلمہ، فلسطین اور پوری انسانیت کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ مسجد الحرام اور اطراف کے علاقوں میں سعودی حکام کی جانب سے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ حجاج کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں