ڈونلڈ ٹرمپ نامی نایاب بھینس قربانی سے بچ گئی! آخری لمحہ میں بنگلہ دیشی حکومت کی مداخلت

حیدرآباد (دکن فائلز) بنگلہ دیش میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام سے مشہور نایاب سنہرے بالوں والے سفید بھینس کو عیدالاضحیٰ پر قربانی سے بچا لیا گیا۔ بنگلہ دیشی حکومت نے آخری لمحے میں مداخلت کرتے ہوئے اس جانور کو ذبح ہونے سے روک دیا اور اسے قومی چڑیا گھر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق تقریباً 700 کلوگرام وزنی اس سفید بھینسے کو اس کے سنہرے بالوں کی وجہ سے مقامی لوگوں نے ’’ڈونلڈ ٹرمپ‘‘ کا نام دے رکھا تھا۔ ابتدا میں یہ جانور عیدالاضحیٰ پر قربانی کے لیے خریدا گیا تھا، لیکن سوشل میڈیا پر اس کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد یہ غیر معمولی توجہ کا مرکز بن گیا۔

بنگلہ دیشی وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ عید سے قبل ہزاروں افراد اس بھینسے کو دیکھنے کے لیے آنے لگے تھے۔ لوگ دور دراز علاقوں سے سفر کر کے صرف اس نایاب جانور کی ایک جھلک دیکھنے اور اس کے ساتھ تصاویر بنوانے پہنچ رہے تھے، جس کے باعث سکیورٹی اور نظم و ضبط کے مسائل پیدا ہونے لگے۔

صورتحال کے پیش نظر بنگلہ دیشی وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے فوری مداخلت کرتے ہوئے حکم دیا کہ بھینسے کو قربانی سے بچایا جائے، خریدار کو اس کی مکمل رقم واپس کی جائے اور جانور کو ڈھاکا کے قومی چڑیا گھر منتقل کر دیا جائے تاکہ عوام اسے محفوظ ماحول میں دیکھ سکیں۔

حکام کے مطابق یہ نایاب سفید بھینسا اپنی منفرد رنگت، سنہرے بالوں اور غیر معمولی جسامت کی وجہ سے عوامی دلچسپی کا مرکز بن چکا تھا۔ سوشل میڈیا پر اس کے لاکھوں مداح پیدا ہو گئے تھے اور متعدد افراد اسے ملک کا ’’مشہور ترین بھینسا‘‘ قرار دے رہے تھے۔

حکومت کے اس فیصلے کے بعد ’’ڈونلڈ ٹرمپ‘‘ نامی بھینسا نہ صرف قربانی سے محفوظ ہو گیا بلکہ اب اسے قومی چڑیا گھر میں ایک خصوصی جانور کے طور پر رکھا جائے گا، جہاں عوام اسے قریب سے دیکھ سکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں