تلنگانہ میں ایس آئی آر شروع! گھر گھر پہنچیں گے انتخابی اہلکار؛ عوام ہوشیار رہیں، معلومات درست فراہم کریں (اہم اور تفصیلی خبر)

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں انتخابی فہرستوں (الیکٹورل رولز) کی خصوصی جامع نظرثانی (Special Intensive Revision-2026) کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس اہم انتخابی مہم کے تحت تقریباً 36 ہزار بوتھ لیول افسران (BLOs) گھر گھر جا کر ووٹروں کی تفصیلات کی تصدیق، اندراجات کی درستگی اور غیر ضروری ناموں کی نشاندہی کریں گے۔

الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایت پر شروع ہونے والی یہ مہم 25 جون سے 24 جولائی تک جاری رہے گی، جبکہ 31 جولائی کو ابتدائی ووٹر فہرست جاری کی جائے گی۔ اعتراضات، دعووں اور سماعتوں کے بعد یکم اکتوبر 2026 کو حتمی ووٹر لسٹ شائع کی جائے گی۔

تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر سی سدرشن ریڈی کے مطابق اس مہم کا مقصد کسی بھی حقیقی ووٹر کا نام حذف کرنا نہیں بلکہ فوت شدہ افراد، مستقل طور پر منتقل ہو جانے والے ووٹروں، دہری اندراجات اور دیگر خامیوں کو دور کرتے ہوئے ہر اہل شہری کا نام ووٹر لسٹ میں شامل کرنا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ ابتدائی مرحلے میں کسی اضافی دستاویز کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اگر کسی ووٹر کی معلومات میں کوئی تضاد یا کمی سامنے آتی ہے تو متعلقہ شخص کو باضابطہ نوٹس جاری کیا جائے گا اور وضاحت یا ضروری دستاویزات جمع کرانے کا پورا موقع دیا جائے گا۔

اس مہم کے دوران ہر گھر پر بوتھ لیول افسر پہنچ کر پہلے سے جزوی طور پر پُر کیے گئے Enumeration Forms فراہم کریں گے۔ ہر رجسٹرڈ ووٹر کو دو فارم دیے جائیں گے، جنہیں درست معلومات کے ساتھ مکمل کرکے واپس جمع کرانا ہوگا۔ آن لائن فارم جمع کرانے کی سہولت بھی الیکشن کمیشن کے پورٹل اور موبائل ایپ کے ذریعے دستیاب ہے۔

غیر مقیم بھارتی شہری (NRI) بھی آن لائن فارم بھر سکتے ہیں یا اپنے اہل خانہ کے ذریعے فارم جمع کرا سکتے ہیں۔

ریاست میں اس وقت تقریباً 3 کروڑ 38 لاکھ ووٹر رجسٹرڈ ہیں جبکہ ابتدائی جانچ میں تقریباً 90 لاکھ اندراجات میں مختلف نوعیت کی خامیوں کی نشاندہی ہوئی ہے، جن کی تصدیق اور اصلاح اسی مہم کے ذریعے کی جائے گی۔

اس پورے عمل کی نگرانی کے لیے 3,500 سے زائد سپروائزرز اور ایک ہزار سے زیادہ سینئر افسران تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ تقریباً 49 ہزار بوتھ لیول ایجنٹس بھی انتخابی عمل میں تعاون کریں گے۔

ادھر تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے اپنی جماعت کے عوامی نمائندوں، وزراء، ارکان اسمبلی اور دیگر رہنماؤں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس عمل پر مسلسل نظر رکھیں تاکہ کسی بھی حقیقی ووٹر کا نام غلطی سے حذف نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی پارٹی رہنما کی غفلت یا ہدایات کی خلاف ورزی سامنے آئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

عوام کے لیے اہم ہدایات
* جب بوتھ لیول افسر آپ کے گھر آئے تو مکمل تعاون کریں۔
* فارم میں درج نام، پتہ، تصویر اور دیگر معلومات ضرور چیک کریں۔
* اگر کوئی غلطی ہو تو فوراً اس کی اصلاح کروائیں۔
* فارم مقررہ وقت کے اندر جمع کرائیں۔
* اگر آپ کا نام ووٹر لسٹ سے خارج ہو جائے تو آپ کو اعتراض اور اپیل کا مکمل قانونی حق حاصل ہے۔
* کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں اور صرف الیکشن کمیشن کی سرکاری معلومات پر اعتماد کریں۔

ماہرین کے مطابق صاف، شفاف اور درست ووٹر فہرستیں جمہوری نظام کی بنیاد ہوتی ہیں، اس لیے ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس عمل میں بھرپور تعاون کرے تاکہ کسی اہل ووٹر کا حقِ رائے دہی متاثر نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں