اداکار اور کامیڈین علی اصغر نے بالآخر کپل شرما شو چھوڑنے کی وجہ بتادی، اس حوالے سے ان کا کہنا ہے ان کے اور کپل شرما کے درمیان کمیونیکشن گیپ آ گیا تھا۔
واضح رہے کہ کئی برس تک کپل شرما کے ساتھ کام کرنے کے بعد علی اصغر نے 2017 میں کپل شرما شو سے اپنا راستہ الگ کیا اور یہ وہی وقت تھا جب اس ٹیم کے ایک اور پرانے رکن اور علی کے قریبی ساتھی سنیل گروور نے کپل کے ساتھ اختلافات پیدا ہونے کے بعد شو سے علیحدگی اختیار کی تھی۔
علی اصغر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وہ تخلیقی طور پر اپنے اس کام سے بھی مطمئن نہیں تھے، جبکہ کپل کو تو یہ بھی نہیں معلوم تھا کہ میں نے شو کیوں چھوڑا۔
یاد رہے کہ اس وقت شو میں کام کرنے والے متعدد فنکار کپل شرما شو سے الگ ہوئے تھے اور یہ خیال کیا جاتا ہے کہ علی اصغر بھی اس گروپ کا حصہ تھے۔
علی اصغر اس شو میں نانی کا کردار ادا کیا کرتے تھے اور جب کپل اور سنیل گروور میں تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا تو انہوں نے بھی یہ فیصلہ کیا کپل اور ان کے درمیان کافی کمیونیکشن گیپ آگیا ہے تو الگ ہونا بہتر ہے۔
تاہم مجھے خوشی ہے کہ میں کپل کی ٹیم کا حصہ رہا اور ان سے بہت کچھ سیکھا، میں ہمیشہ ان کی عزت کرتا رہوں گا۔ علی اصغر کے مطابق کپل کے اندر یہ صلاحیت ہے کہ وہ اپنے دیکھنے والوں کا مزاج سمجھتے ہیں اور انہیں پتا ہے شو کو کیسے چلایا جاتا ہے۔