عمرے کی ادائیگی کیلئے دنیا بھر سے مسلمانوں کی بڑی تعداد سعودی عرب پہنچتی ہے جن میں سب سے زیادہ زائرین انڈونیشیا سے آئے ہیں۔
اس حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانیوں کا عمرہ ادائیگی کیلئے آنے والوں میں تیسرا نمبر ہے، گزشتہ ساڑھے3ماہ کے دوران دو لاکھ 30 ہزار ہندوستانی زائرین سعودی عرب پہنچے۔
رپورٹ کے مطابق 5 لاکھ 51 ہزار سے زائد عمرہ زائرین انڈونیشیا سے سعودی عرب پہنچے ہیں، یہ سب سے زیادہ بڑی تعداد ہے وہیں پاکستان سے 3 لاکھ 70 ہزار افراد عمرے کے لئے ارض مقدس پہنچے جبکہ پاکستان دوسرے نمبر پر ہے۔
سعودی عرب میں عمرہ سیزن یکم محرم الحرام سے شروع ہوتا ہے جو 20 ذوالقعدہ تک جاری رہتا ہے، 21 ذوالقعدہ سے 30 ذوالحجہ تک کو حج سیزن کہا جاتا ہے۔
سعودی عرب میں رواں برس عمرہ سیزن کا آغاز 30 جولائی سے ہوا، دنیا بھر سے 19 لاکھ 64 ہزار سے زائد مسلمان عمرہ ادائیگی کیلئے پہنچے ہیں۔
17 لاکھ 83 ہزار سے زائد مسلمان فضائی سفر طے کرکے سرزمین مقدس پہنچے جبکہ ایک لاکھ 80 ہزار افراد زمینی راستوں کے ذریعے عمرے کی غرض سے پہنچے۔
اس کے علاوہ 1200افراد بحری راستوں کے ذریعےحجاز مقدس پہنچے اور گزشتہ ساڑھے3ماہ کے دوران سب سے زیادہ عمرہ زائرین انڈونیشیا سے آئے۔
اس کے علاوہ عراق سے ایک لاکھ50ہزار زائرین پہنچے جبکہ مصر سے ایک لاکھ افراد عمرے کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت نے عمرہ ویزے کی مدت ایک ماہ سے بڑھا کر3ماہ کردی ہے، معتمرین اس ویزے کی بنیاد پرملک بھر میں جاسکتے ہیں۔