مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کے دو الگ الگ مقامات پر بم دھماکوں میں ایک شخص ہلاک اور 14 افراد زخمی ہوگئے، دھماکوں میں یروشلم کے بس اسٹیشنز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
پہلا دھماکا یروشلم کے مغربی خارجی راستے میں بس اسٹاپ پر ہوا جبکہ دوسرا دھماکا کچھ فاصلے پر ایک اور بس اسٹاپ پر ہوا جہاں ایک بس کو نقصان پہنچا اور تین افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق پہلے دھماکے کے بعد آدھے گھنٹے کے وقفے سے دوسرا دھماکا ہوا تھا، دھماکے کے بعد پولیس اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔
مقبوضہ بیت المقدس کے شائر زیڈک ہسپتال نے بتایا کہ پہلے دھماکے کا ایک زخمی دم توڑ گیا جبکہ تشویش حالت میں ایک اور زخمی شخص زیر علاج ہے، دھماکے سے دو افراد شدید زخمی ہوئے اور دو افراد کو معمولی زخم آئے ہیں۔
حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوا نے کہا کہ ہم فلسطینی عوام اور مقبوضہ بیت المقدس میں اپنے عوام کو بس اسٹاپ پر بہادرانہ خصوصی آپریشن پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
یورپی یونین میں اسرائیل کے سفیر نے کہا کہ یروشلم میں بم دھماکے انتہائی خوفناک تھے۔
انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمی افراد کی مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں، دہشت گردی کی حمایت نہیں کرسکتے۔‘
یہ دھماکے کئی ماہ کی اس کشیدگی کا حصہ ہیں جو مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے کریک ڈاؤن کے نتیجے میں جاری ہے۔