کپل دیو حادثے کا شکار رشبھ پنت کو تھپڑ کیوں مارنا چاہتے ہیں؟

سابق کپتان کپل دیو کار حادثے کا شکار وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت کو تھپڑ مارنا چاہتے ہیں لیکن کیوں؟ جلد ہی بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز شروع ہونے والی ہے، اس سیریز میں بھارتی ٹیم سب سے زیادہ وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت کی کمی محسوس کرے گی کیوں کہ وہ کار حادثے کی وجہ سے کرکٹ سے دور ہیں۔

خیال رہے کہ 30 دسمبر کو وکٹ کیپر بیٹر کی گاڑی کو گھر واپس جاتے ہوئے دہلی کے ہائی وے پر حادثہ پیش آیا تھا، ہائی وے کی ریلنگ سے ٹکرانے کے بعد رشبھ کی گاڑی میں آگ لگ گئی تھی جس کے بعد انہیں زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا تھا۔

کپل دیو نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ رشبھ سے پیار کرتے ہیں لیکن جیسے ہی وہ ٹھیک ہوگا میں اسے تھپڑ مارنا چاہتا ہوں تاکہ آئندہ وہ اپنا خیال رکھے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے رشبھ سے بہت پیار ہے، میں چاہتا ہوں کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائے تاکہ میں جا کر اسے تھپڑ ماروں اور اسے کہوں کہ آئندہ وہ اپنا خیال رکھے۔ اس کے حادثے کی وجہ سے پوری ٹیم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، مجھے غصہ ہے کہ آج کے دور کے نوجوان ایسی غلطیاں کیوں کرتے ہیں، اس پر انہیں تھپڑ مارنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں