ناگپور ٹیسٹ تین دن میں ختم، آسٹریلیا کو اننگز اور 132 رنز سے بدترین شکست

ٹیم انڈیا نے اسپنرز بالخصوص رویندرا جدیجہ کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 132 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
ناگپور میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت نہ ہو سکا۔ محض دو رنز پر دونوں اوپنرز گنوانے کے بعد مارنس لبوشین اور اسٹیو اسمتھ نے اپنے تمام تر تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے 82 رنز کی ساجھے داری قائم کی جو میچ میں آسٹریلیا کی سب سے بڑی شراکت ثابت ہوئی، دونوں کھلاڑی بالترتیب 49 اور 39 رنز بنانے کے بعد جدیجا کی وکٹ بن گئے۔ پیٹر ہینڈزکومب اور ایلکس کیری نے بھی 53 رنز کی شراکت قائم کی لیکن بالترتیب 31 اور 36 رنز بنانے کے بعد وہ بھی پویلین لوٹ گئے اور یوں آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 177 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ہندوستان کی جانب سے رویندرا جدیجہ نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 47 رنز کے عوض 5 جبکہ روی چندرن ایشون نے 3 وکٹیں لیں۔

ٹیم انڈیا نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز روہت شرما اور لوکیش راہُل نے ٹیم کو 76 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن راہُل 20 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔ اس کے بعد ایک ایک کر کے بیٹسمن پویلین لوٹتے رہے لیکن کپتان روہت نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور سنچری بنائی، وہ 120 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ جب سریکار بھرت 8 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے تو بھارتی ٹیم 240رنز پر 7 وکٹیں گنوا چکی تھی اور ایسا لگتا تھا کہ شاید وہ پہلی اننگز میں بڑی لیڈ نہیں لے سکیں گے لیکن جدیجا اور اکشر پٹیل نے آسٹریلیا کے ارمانوں کو خاک میں ملا دیا۔ دونوں اسپن آل راؤنڈرز نے آٹھویں وکٹ کے لیے 88 رنز کی ساجھے داری قائم کی اور اپنی ٹیم کی پوزیشن کو میچ میں مزید مستحکم کردیا، جدیجا 70 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

ٹیم انڈیا 400 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 223 رنز کی بھاری برتری حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں