اسرائیلی فوج کی دہشت گردی، 16 سالہ نوجوان سمیت 4 فلسطینی شہید

مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی دہشتگردی میں 16 سالہ نوجوان سمیت 4 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جینین میں فلسطینوں کے گھروں میں گھس کر لوگوں کو ہراساں کیا اور توڑ پھوڑ کی۔ اسرائیلی فورسز نے متعدد نہتے فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار بھی کرلیا۔

اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کرکے 16 سال کے نوجوان سمیت 4 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ اسرائیلی فائرنگ سے 20 فلسطینی شدید زخمی بھی ہوئے۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہید ہونے والوں میں 29 سالہ یوسف شریم، 28 سالہ ندل خزیم اور 16 سالہ عمر عوادین شامل ہیں جبکہ چوتھے شخص کی شناخت فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔

رپورٹس کے مطابق رواں سال کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں 80 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 2022 میں اسرائیلی حملوں میں 170 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔

فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے ترجمان نبیل ابو رودینہ نے چار فلسطینیوں کے وحشیانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل اسرائیلی جارحانہ اقدامات اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ اسرائیل صورتحال کو پرسکون کرنے میں بالکل بھی دلچسپی نہیں رکھتا۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز کی حالیہ دہشت گردانہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل، فلسطینی اتھارٹی، مصر، اردن اور امریکہ کے حکام مصر میں رمضان المبارک سے قبل کشیدگی کو کم کرنے کے مقصد سے مذاکرات کرنے والے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں