مہاراشٹر کے ناسک کی ایک مندر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرنے کے الزام میں پولیس نے چار مسلم نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق ناسک کی مشہور ترمبکیشور مندر میں چار مسلم نوجوان مبینہ طور پر زبردستی داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے، جنہیں سیکوریٹی گارڈز نے روک لیا۔ مندر کے پجاری کی شکایت کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے چار مسلم نوجوانوں کو رفتار کرلیا۔
ریاستی حکومت نے اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) بھی تشکیل دی ہے۔ گرفتار مسلم نوجوانوں کی شناخت عقیل یوسف سید، سلمان عقیل سید، متین راجو سید، اور سلیم بخشو سید کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ 13 مئی کو پیش آیا جب چار افراد نے مبینہ طور پر چندن جلوس کے موقع پر مندر کے احاطے میں داخل ہونے اور شیولنگ کو چادر چڑھانے کی کوشش کی۔ اس مندر میں صرف ہندوؤں کو ہی داخلہ کی اجازت ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ایک شخص نے بتایا کہ گرفتار افراد کا مقصد شیو لنگ کو چادر چڑھانا تھا جبکہ وہ مندر کی سیڑھیوں تک ہی گئے تھے۔ ایک اور ذرائع نے بتایا کہ یہ مسلم نوجوان عقیدہ کے معاملہ میں کمزور ہیں۔


