حیدرآباد : (دکن فائلز) ہندنبرگ کے الزامات کی تحقیقات کرنے کےلئے سپریم کورٹ کی جانب سے مقررہ کردہ ماہرین کے پینل نے آج اڈانی گروپ کو کلین چٹ دے دی۔ پینل نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ اڈانی گروپ کی طرف سے کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی اور یہ نتیجہ اخذ کرنا ممکن نہیں ہے کہ مارکیٹ ریگولیٹر SEBI کی جانب سے بھی کوئی کوتاہی ہوئی ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ ڈومین ماہرین کے پینل نے کہا ہے کہ پہلی نظر میں ایسا لگتا ہے کہ اڈانی گروپ کی جانب سے قیمتوں میں کوئی ہیرا پھیری نہیں کی گئی۔ پینل نے کہا کہ اڈانی گروپ نے خوردہ سرمایہ کاروں کو راحت دینے کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں اور گروپ کے ذریعے اٹھائے گئے اقدامات سے اسٹاک مارکٹ میں اعتماد پیدا کرنے میں مدد ملی ہے۔ یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ اب اس کے اسٹاک مستحکم ہیں۔
اڈانی گروپ کو آج سپریم کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ گذشتہ سال ہندنبرگ کی ایک رپورٹ میں اڈانی گروپ پر بے ضابطگیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد اڈانی گروپ کے شیئرس کی قیمتوں میں زبردست کمی ہوئی تھی اور کمپنی کو کروڑوں روپئے کا نقصان ہوا تھا۔


