ترکیہ میں صدارتی اور پارلیمانی عام انتخابات میں کامیابی کے بعد رجب طیب اردوان نے تیسری مرتبہ ترکیہ کے صدر کا حلف اٹھالیا۔ رجب طیب اردوان 2028 تک صدر منتخب ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں پہلی تقریب انقرہ میں ترکیہ گرینڈ نیشنل اسمبلی میں منعقد ہوگی جہاں انہیں صدارتی منصب کی اسناد پیش کی جائے گی۔
گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر نے طیب اردوان سے ترکیہ کے صدر کا حلف لیا۔ اس موقع پر ترک صدر طیب اردوان کا کہنا تھا آئین، قانون اور جمہوری اقدار کی پاسداری کروں گا، اپنے فرائض اور ذمہ داری بہترین انداز میں انجام دوں گا۔
واضح رہے کہ ترک سرکاری میڈیا نے ترکی کی سپریم الیکشن کونسل کےحوالے سے بتایا تھا ترکی کے صدر رجب طیب اردوان صدارتی الیکشن میں 54.47 فیصد ووٹ لے کر سب سے آگے رہے جبکہ اپوزیشن کے امیدوار کمال کلیک دار اوغلو کو 45.53 فیصد ووٹ حاصل کرسکے۔
سپریم الیکشن کونسل (وائے ایس کے) کے چیئرمین احمت ینیر نے دارالحکومت انقرہ میں صحافیوں کو ووٹوں کی گنتی کے سرکاری نتائج سے آگاہ کیا تھا۔


