ریاست تلنگانہ میں رفاہ چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری محتاج تعارف نہیں رہی ہے۔ رفاہ چیمبرس آف کامرس کا مقصد نوجوانوں بالخصوص مسلم اُمت کوتجارت کی جانب راغب کرنا اور انہیں ہرطرح سے تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کامیاب تاجر بن سکیں اور اپنے ساتھ اپنی قوم،ریاست اور اپنے ملک کا مستقبل روشن وتابناک بنائیں۔ اس وقت رفاہ ملک کی سترہ ریاستوں میں سرگرم عمل ہے۔ رفاہ چھوٹے،اوسط اور بڑے کاروباریوں اور انٹرپرینرس کی ایک ایسی اسوسی ایشن ہے جو آپس میں ایک دوسرے کے تعاون واشتراک کے ذریعہ اہم معلومات کوآپس میں شیئر کرنے کا ذریعہ بھی ثابت ہورہی ہے۔
رفاہ چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری تلنگانہ کی جانب سے آجFTCCIریڈ ہلز حیدرآباد پربزنس نیٹورکنگ میٹ کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں رفاہ چیمبرس آف کامرس کے مرکزی جنرل سکریٹری جناب مرزا افضل بیگ اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہم نے اس ملک کوسابق میں بہت کچھ دیا ہے اور آئندہ بھی ہم اپنے ملک کی ترقی میں شامل رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کامیاب تاجر بننے کے لیے ہم کوکاروبارکے ہنر سیکھنے ہوں گے جس کے لیے رفاہ ہرطرح کا تعاون کرنے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کوعروج پر لیجانے کے لیے محنت،مشقت کے ساتھ اس سے متعلق ہر قسم کی معلومات کا حصول بھی بے حد ضروری ہے کہ کس طرح کاروبار میں مارکٹنگ،فائنانس،سیلس کو مضبوط کیاجاسکتا ہے۔
اس موقع پرجناب یوسف علی خان صدررفاہ تلنگانہ نے کہا کہ بہت قلیل مدت میں ریاست تلنگانہ سے کثیرتعدادمیں تاجرین رفاہ سے جڑ چکے ہیں اوراس پلیٹ فارم کے ذریعہ انٹرپرینرس کوکافی فائدہ حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے تاجرین اورانٹرپرینرس سے رفاہ کاحصہ بننے کی اپیل کی۔ ویمن بزنس انٹرپرینرڈاکٹرشائمہ (اڈمنسٹریٹرانٹگروہاسپٹل) کے علاوہ حیدرآباد کے معروف بزنس مین جناب عبدالمجیدچیرمین پستہ ہاؤس گروپ نے بھی اپنے احساسات اور تجربات پیش کئے۔ تین سو سے زائدبزنس مین اورانٹرپرینرس نے اس بزنس نیٹورکنگ میٹ میں شرکت کی۔جناب محمدجاوید نے پروگرام کی نظامت کی۔