آج کل بیشتر افراد کی پسندیدہ غذا کینسر کا شکار اور اس بیماری سے موت کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔ یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر ریسرچ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال سے کینسر سے متاثر ہونے اور اس سے موت کا خطرہ بڑھتا ہے۔
الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔ ایک لاکھ 97 ہزار سے زیادہ افراد پر ہونے والی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اس طرح کی غذا پر ہمارا جسم اس طرح ردعمل ظاہر نہیں کرتا جیسا قدرتی غذاؤں پر کرتا ہے۔
تحقیق کے مطابق الٹرا پراسیس غذائیں پسند کرنے والے افراد سافٹ ڈرنکس کا استعمال بھی زیادہ کرتے ہیں جبکہ سبزیوں اور پھلوں کو زیادہ پسند نہیں کرتے، جس سے بھی کینسر اور دیگر امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔ اس تحقیق میں شامل افراد کی غذائی عادات اور کینسر کی 34 مختلف اقسام کے درمیان تعلق کا جائزہ 10 سال تک لیا گیا۔ غذائی عادات کا موازنہ کینسر کی تشخیص اور اموات کے طبی ریکارڈز سے کیا گیا۔


