سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر وہ 2024 میں دوبارہ اقتدار میں آئے تو مسلمانوں پر عائد سفری پابندیوں کو دوبارہ لاگو کردیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2017 میں مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی لگائی تھی۔ اس پابندی سے سات مسلم اکثریتی ممالک ایران، عراق، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن متاثر ہوئے تھے۔
2024 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کی منصوبہ بندی کرنے والے سابق صدر ٹرمپ نے ایک بارپھر ایسے ہی خیالات کااظہار کیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق جمعہ 7 جولائی کو آئیووا کے کونسل بلفز میں سفید فام ووٹروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ، ’ٹرمپ انتظامیہ کے تحت، ہم نے انتہا پسند اسلامی دہشت گردوں اور جہادیوں کو اپنے ملک سے باہر رکھنے کے لیے انتہائی جانچ پڑتال کا نظام اپنایا اور شدید سفری پابندیاں عائد کی تھیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر میں دوبارہ صدر بنتا ہوں تو گذشتہ عائد کی گئی سفری پابندیوں کو اور بھی سخت کردوں گا۔ ہم نہیں چاہتے کہ لوگ ہمارے شاپنگ سینٹرز کو اڑائیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ لوگ ہمارے شہروں کو اڑائیں اور ہم نہیں چاہتے کہ لوگ ہمارے فارم چوری کریں۔ تو اب ایسا نہیں ہوگا۔‘