محمد مسیح اللہ خان تلنگانہ وقف بورڈ چیرمین نے آج دفترجماعت اسلامی ہند، لکڑکوٹ پہنچ کر مولانا حامد محمد خان امیر حلقہ جماعت اسلامی ہندحلقہ تلنگانہ سے خیرسگالی ملاقات کی۔
اس موقع پرملی اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جناب ملک معتصم خان رکن تلنگانہ وقف بورڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔جناب محمد مسیح اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ حالات میں ملی اتحاد وقت کا تقاضہ ہے۔
انہوں نے یہ عزم ظاہرکیا کہ وہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ وترقی کے لیے ہرممکن کوشش کریں گے۔ساتھ ہی مسلم طلباء وطالبات کی تعلیمی ترقی کیلئے بھی سعی وجہد کی جائے گی۔ امیرحلقہ تلنگانہ مولانا حامدمحمدخان نے انہیں وقف بورڈ تلنگانہ کا صدرنشین منتخب کئے جانے پرمبارکبا د دیتے ہوئے دُعائیہ کلمات کہے اورقرآن مجید واسلامک لٹریچر کا ہدیہ پیش کیا۔
مولانا حامدمحمدخان نے وقف بورڈ صدرنشین سے کہا کہ ریاست کے ائمہ مساجد ومؤذنین کا اعزازیہ وقت پر ادا کیاجائے اور دہلی اور پنجاب کی طرز پر تلنگانہ میں بھی اعزازیہ مقررکیاجائے اور جو ائمہ مساجد اور مؤذنین اس اعزازیہ سے محروم ہیں انہیں بھی اس دائرہ کارکے تحت لاتے ہوئے راحت پہنچائی جائے۔
ملاقات کے دوران جناب محمداظہرالدین سکریٹری رابطہ عامہ،جناب سیدفخرالدین علی احمد سکریٹری میڈیا،جناب مرزا اعظم علی بیگ سٹی سکریٹری،جناب سید محمدعبدالقادرناصر،جناب محمدتاج الدین موجود تھے۔