اسلام کی خاطر بالی ووڈ انڈسٹری کو خیر باد کہنے والی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے اپنے شوہر مفتی انس اور بیٹے طارق جمیل کے ساتھ مشہور اسلامی عالم مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی۔ ثناء خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنی فیملی کی مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
اس ویڈیو میں ملاقات کے دوران مولانا طارق جمیل کو ثناء خان کے بیٹے کو اپنی گود میں لے کر پیار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ سابقہ اداکارہ نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ جونیئر طارق جمیل حضرت مولانا طارق جمیل صاحب سے ملاقات کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے لکھا کہ مولانا کو دیکھ کر واقعی اللّٰہ یاد آ جاتا ہے کیونکہ وہ بہت ہی خوبصورت انسان ہیں۔ ثناء خان نے لکھا ہے کہ مولانا طارق جمیل میری اور بہت سے لوگوں کے لیے ہدایت کا ذریعہ بنے، اللّٰہ انہیں ہمیشہ سلامت رکھے اور صحت و تندرستی عطاء فرمائے، مولانا نے ہمیشہ مجھے بیٹی کہا اور اپنے حکمت بھرے الفاظ سے ہمیشہ مجھے بہت زیادہ صبر دیا ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا ہے کہ لوگ آپ کو توڑنے کی کوشش کر سکتے ہیں اور آپ کو اپنے مفاد کا نشانہ بنا سکتے ہیں لیکن ہمیں مضبوط ہونا پڑے گا اور یہ اللّٰہ سبحانہ و تعالیٰ کی طرف سے بھی ایک امتحان ہے۔