معروف رئیلٹی شو بگ باس کا سیزن 17 جیتنے والے منور فاروقی کا ممبئی کے علاقے ڈونگری میں مداحوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ مشہور اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی نے رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن17 کا ٹائٹل جیت لیا ہے جبکہ ابھیشیک کمار رنر اپ قرار پائے۔ انہیں بگ باس شو کے سیزن17 کا ٹائٹل جیتنے پر 50 لاکھ روپے، ایک کار اور بگ باس ٹرافی ملی ہے۔
https://www.instagram.com/viralbhayani/reel/C2rqO3NhGbQ/
منور فاروقی بگ باس کے پورے سیزن کے دوران مختلف تنازعات میں گھرے رہنے کے باوجود بھی شو کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔ اس پورے شو کے دوران سوشل میڈیا پر اسٹینڈ اپ کامیڈین کے نام سے جڑے مختلف ہیش ٹیگز سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرتے رہے اور یوں وہ سوشل میڈیا صارفین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
جب منور فاروقی بگ باس شو کا ٹائٹل جیتنے کے بعد انعام میں ملنے والی قیمتی گاڑی میں ٹرافی تھامے ممبئی کے علاقے ڈونگری پہنچے تو وہاں بہت بڑی تعداد میں مداحوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ ڈونگری میں ہونے والے ان کے شاندار استقبال کی ویڈیوز سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر وائرل ہورہی ہیں۔ منور فاروقی کو ان وائرل ویڈیوز میں اپنی گاڑی کے سن روف میں کھڑے ہوکر اپنی ٹرافی کی نمائش کرتے اور اتنے شاندار استقبال پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
میڈیا کی رپورٹ کے مطابق منور فاروقی کا شمار 2002ء میں گجرات مسلم فسادات کے متاثرین میں بھی ہوتا ہے۔ ان فسادات کے دوران ان کا گھر تباہ ہوگیا تھا۔ جس کے بعد منور فاروقی اپنے والدین کے ساتھ ممبئی کے علاقے ڈونگری میں آگئے تھے جہاں اُنہوں نے اپنے والد کے کاروبار میں شدید نقصان ہونے اور پھر والدین کے انتقال کے بعد بہت تکلیف دہ بچپن گزارا اور آج وہ جس مقام پر پہنچے ہیں یہ مقام حاصل کرنے کے لیے انہیں زندگی کے بہت سے دشوار مراحل سے گزرنا پڑا۔
زندگی میں اتنی مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد بگ باس 17 کا ٹائٹل جیتنے پر منور فاروقی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’میں بہت خوش اور شکر گزار ہوں‘۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ’میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے اتنے سارے لوگوں کا پیار ملا‘۔