دنیا بھر سے سعودی عرب پہنچنے والے لاکھوں عازمین اللہ کے مہمان حج کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔
تقریباً دس لاکھ عازمین حج لبیک کی صداؤں میں گذشتہ روز منٰی پہنچے اور رات منٰی میں قیام کیا۔ عازمین آج میدان عرفات کےلیے روانہ ہوں گئے جبکہ وہاں آج خطبہ حج دیا جائے گا جسے لاکھوں عازمین حج کے علاوہ دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان سماعت کریں گے۔ اس سال حج اکبر ہے۔
خطبہ حج ہرسال کی طرح مسجد نمرہ سے دیا جائے گا۔ اس دوران سعودی انتظامیہ نے عازمین کو زیادہ سے زیادہ پانی پینے اور سفر کے دوران پانی کا وافرذخیرہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
10 لاکھ سے زائد عازمین آج حج اکبر کی سعادت حاصل کریں گے، اطلاعات کے مطابق خطبہ حج ہندوستانی وقت کے مطابق 2 بجکر 10 منٹ پر دیا جائے گا۔
آج غروب آفتاب کے وقت اذان مغرب سے قبل میدان عرفات سے مزدلفہ کیلئے روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ نماز عشا کے وقت مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔
عازمین مزدلفہ میں رات قیام اور رمی کے لیے کنکریاں جمع کریں گے اور فجر کی نماز ادا کرکے رمی ( بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے) کے لیے جمرات روانہ ہوجائیں گے۔
اس کے بعد وہ قربانی کریں گے اور پھر حلق کروا کے احرام اتارکر اس کی پابندیوں سے آزاد ہوجائیں گے۔