حیدرآباد (دکن فائلز) معروف اداکارہ روینہ ٹنڈن اور ان کے ڈرائیور کا ہجوم سے جھگڑا ہوگیا، جب ان کی کار نے گذشتہ رات کھار میں کارٹر روڈ پر واقع عمارت کے احاطہ میں ایک خاتون کوٹکر ماردی۔ انقلاب کی رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ ڈرائیور نے مبینہ طور پر خاتون کو اس وقت کار سے ٹکر ماردی جب وہ گاڑی کو پارک کرنے کیلئے ریورس لے رہا تھا۔ اس کے بعد مقامی افراد کے علاوہ ایک مسلم خاندان کی خواتین سے روینہ ٹنڈن الجھ پڑی۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون جو حجاب اوڑھے ہوئے ہے ، چیخ کر کہہ رہی ہے کہ ’میری ناک سے خون بہہ رہا ہے‘۔ ویڈیو میں ایک شخص دعویٰ کررہا ہے کہ روینہ ٹنڈن نے نشے کی حالت میں اپنے ڈرائیور کا دفاع کرنے کے لئے کار سے باہر آئی جھگڑا شروع کردیا، اس دوران ان کی والدہ اور بہن زخمی ہوگئیں۔ ویڈیو میں محمد نامی شخص نے روینہ ٹنڈن اور ڈرائیور پر ان کی ماں اور بھانجی پر حملہ کرنے کا بھی الزام عائد کی
ایک اور اطلاع میں یہ بھی بتایا جارہا ہےکہ روینہ ٹنڈن کی گاڑی سے کسی کو ٹکر نہیں لگی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آرہا ہے کہ روینہ کی گاڑی سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔
بعد میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس راج تلک روشن نے کہا کہ ’معاملہ حل ہو گیا ہے، فریقین نے تحریری طور پر کہا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف کوئی شکایت درج نہیں کرانا چاہتے‘۔