حیدرآباد (دکن فائلز) معروف اسلامک اسکالر مولانا طارق جمیل کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ مشترکہ خاندانی نظام کی وجہ سے میاں بیوی کا رشتہ تباہ و برباد ہو چکا ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ہر نظام کے اپنے فائدے اور نقصانات ہوتے ہیں جب تک کہ ہر شخص اپنی حدود میں رہنے کی کوشش کرتا ہے اور عزت دیتا ہے۔ صارف کا کہنا تھا کہ گھر میں آنے والے نئے فرد کو اسپیس دیں جہاں وہ اپنی زندگی خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ خوشگوار طریقے سے گزار سکے۔
متعدد صارفین کا کہنا تھا کہ وہ مشترکہ خاندانی نظام میں رہ رہے ہیں اور اس سے بہت خوش ہیں۔ سائرہ خان نامی صارف لکھتی ہیں کہ مسئلہ مشترکہ خاندانی نظام کی وجہ سے نہیں بلکہ پرائیویسی کی خلاف ورزی اور معاملات میں بلاوجہ مداخلت کی وجہ سے ہوتا ہے۔
ندا جمشید نے مولانا طارق جمیل سے کہا کہ آج کل ویسے ہی ماں باپ بچوں کی وجہ سے رو رہے ہیں اور آپ ایسے بیانات دے کر ان کا برین واش کر رہے ہیں تاکہ کوئی بھی اپنے ماں باپ کی بات نہ سنے۔ یہ بالکل غلط ہے۔ جبکہ ایک صارف نے مولانا طارق جمیل کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں بھی مشترکہ خاندانی نظام کا کوئی تصور نہیں ہے۔
پہلے زمانہ میں زیادہ تر گھرانوں میں ایک سے زیادہ خاندان ایک ساتھ رہتے تھے تاہم اب یہ کلچر کم ہوگیا ہے۔ اس طرح کے نظام میں اکثر خاندان کے افراد کے درمیان بہت سے مسائل پیدا ہوتے ہیں جبکہ آج بھی کئی لوگ ایسے بھی ہیں جو اس نظام سے بہت خوش ہیں۔