حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرِ ثانی (اسپیشل انٹینسو ریویژن) ’ایس آئی آر) کی تیاریوں کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر سی سدرشن ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ اس عمل کا نوٹیفکیشن اپریل یا مئی 2026 میں جاری کیے جانے کی توقع ہے، جبکہ محدود وقت کے پیشِ نظر ریاست میں پیشگی تیاریوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
جمعرات کے روز تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکٹورل آفیسر نے زور دیا کہ ایس آئی آر کی کامیابی میں مضبوط بوتھ لیول تال میل مرکزی کردار ادا کرے گا۔ اسی مقصد کے تحت انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ ہر پولنگ اسٹیشن کے لیے کم از کم ایک بوتھ لیول ایجنٹ (BLA) فوری طور پر مقرر کریں۔
سی ای او نے واضح کیا کہ BLAs کا تعلق ترجیحاً مقامی علاقہ سے ہونا چاہیے اور انہیں بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) کے ساتھ قریبی اشتراک کے تحت کام کرنا ہوگا، تاکہ انتخابی فہرستوں کی تیاری میں درستگی، شفافیت اور شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ تیاری کے حصے کے طور پر ٹیبل ٹاپ میپنگ مکمل کر لی گئی ہے، جس کے ذریعے 2025 کی انتخابی فہرست میں درج ووٹروں کو 2002 کی SIR کے دوران شامل ریکارڈ سے جوڑا جا رہا ہے۔ اس کے بعد فیلڈ لیول میپنگ کی جا رہی ہے، جس میں بالخصوص شہری علاقوں میں BLOs گھر گھر جا کر رہائش گاہوں کی شناخت اور تصدیق کر رہے ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق، SIR کے دوران BLOs ہر پولنگ ایریا میں تین سے چار مرتبہ دورہ کریں گے۔ پہلے دورے میں اندراجی فارم (Enumeration Forms) تقسیم کیے جائیں گے، جبکہ بعد کے دوروں میں ان گھروں کا احاطہ کیا جائے گا جہاں پہلے موقع پر مکین دستیاب نہیں تھے۔
انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ جو ووٹرز تیاری کے مرحلے میں میپنگ سے رہ جائیں گے، انہیں بھی SIR کے دوران اپنی تفصیلات فراہم کرنے کا پورا موقع دیا جائے گا، تاکہ کوئی بھی اہل ووٹر انتخابی فہرست سے محروم نہ رہے۔
سی ای او نے مزید بتایا کہ ملک کی 12 ریاستوں میں SIR کا عمل جاری ہے اور باقی ریاستوں، بشمول تلنگانہ، کے لیے شیڈول کا اعلان اپریل–مئی میں متوقع ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر BLAs کی تقرری جلد از جلد مکمل کریں، کیونکہ فعال بوتھ لیول شرکت نہ صرف ہم آہنگی کو مضبوط بنائے گی بلکہ شکایات میں کمی اور اہل ووٹروں کے اخراج کے خدشات کو بھی کم کرے گی۔
اس اہم اجلاس میں ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر وسم وینکٹیشور ریڈی، ڈپٹی سی آر او ہری سنگھ اور دیگر اعلیٰ انتخابی عہدیداران بھی موجود تھے۔


