ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، حیدرآباد میں تاریخی بی بی کے علم کا جلوس نکالا گیا

بس اک پل کی تھی حکومت یزید کی
صدیاں حسین کی ہیں زمانہ حسین کا

نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق و صداقت کے لیے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

حیدرآباد سمیت ملک کے دیگر شہروں، قصبوں میں تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔ حیدرآباد میں ہر سال کی طرح اس سال بھی تاریخی بی بی کے علم کا جلوس نکالا گیا جس میں لاکھوں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔

ملک بھر میں جلوسوں، مجالس کا اہتمام کیا جبکہ انتظامیہ کی جانب سے سخت ترین سیکوریٹی انتظامات کئے گئے۔ تاریخی بی بی کے علم کا جلوس دوپہر ایک بجے الاوہ بی بی سے نکالا گیا۔ یہ جلوس شیخ فیض کی کمان، عالیجاہ کوٹلہ، چارمینار، گلزار حوض، منڈی میرعالم، پرانی حویلی، دارالشفا سے ہوتا ہوا چادرگھاٹ پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں متعدد انجمنوں کی جانب سے ماتم کیا گیا۔

وہیں جامع مسجد دارالشفا میں منعقدہ جلسہ یاد حسینؓ میں بھی سینکڑوں مسلمانوں نے شرکت کی۔ جلسہ سے مولانا جعفر پاشاہ نے خطاب کیا۔ حیدرآباد کی مساجد می بھی جلسوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ مسلمانوں کو یوم عاشورہ کی مناسبت سے خاص عبادتوں میں مصروف دیکھا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں