کانگریس کے سینئر لیڈر ٹی جیون ریڈی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا، سیاسی حلقوں میں ہلچل

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں اس وقت سیاسی ہلچل دیکھی گئی جب ٹی جیون ریڈی نے کانگریس پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا۔

سابق وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر ٹی جیون ریڈی نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ 20 ماہ سے پارٹی میں مسلسل بے عزتی اور ذہنی اذیت کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے باعث اب وہ پارٹی میں مزید نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ 25 تاریخ کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیں گے۔

انہوں نے ضلع جگتیال سے تعلق رکھنے والے اپنے حامیوں اور کارکنوں کو ایک خط بھی لکھا، جس میں انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں ان کے لیے سازگار ماحول نہیں رہا اور انہیں سیاسی طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

ٹی جیون ریڈی نے مزید کہا کہ وہ اپنی آئندہ سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے جلد فیصلہ کریں گے۔ اس سلسلے میں وہ اپنے حامیوں اور مقامی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے تاکہ مستقبل کے لائحہ عمل کا تعین کیا جا سکے۔

ان کے اس اعلان کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں کہ وہ آئندہ کس جماعت میں شامل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں