خدارا سوشل میڈیا پر غیرضروری پوسٹ شیئر نہ کریں! وجئے واڑہ میں دہشت گردی کے شبہ میں تین نوجوان گرفتار، حیدرآبادی خاتون کے فرار ہونے کا انکشاف

حیدرآباد (دکن فائلز) میڈیا رپورٹس کے مطابق وجئے واڑہ میں دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں کے شبہ میں تین نوجوانوں کو آندھرا پردیش کاؤنٹر انٹیلیجنس (سی آئی) پولیس نے حراست میں لے لیا ہے، جس سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں ونچپیت کے دو 21 سالہ نوجوان اور بھوانی پورم کا ایک 20 سالہ نوجوان شامل ہے، جنہیں خفیہ مقام پر رکھ کر تفتیش کی جا رہی ہے۔

ملک بھر میں دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں کے حوالے سے مرکزی خفیہ اداروں کی جانب سے وارننگ جاری ہونے کے بعد ریاستی سی آئی حکام نے سخت نگرانی شروع کی تھی۔ اسی سلسلے میں سوشل میڈیا سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہوئے حکام کو معلوم ہوا کہ یہ نوجوان دہشت گرد تنظیموں کے حق میں پوسٹس کررہے تھے۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کے گھروں پر چھاپے مارے اور انہیں حراست میں لے لیا۔ ان کے قبضہ سے موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانک آلات بھی ضبط کرنے کی بات کہی جارہی ہے تاہم ان میں کچھ غیرقانوی معلومات ہونے کا کوئی انکشاف نہیں کیا گیا۔

ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ یہ نوجوان بیرون ملک ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں سے متاثر ہو کر سوشل میڈیا پر مواد شیئر کر رہے تھے۔ جس کے بعد پولیس تحقیقات کر رہی ہے کہ ان کے کس دہشت گرد تنظیم سے روابط تو نہیں ہیں، انہیں کون متاثر کر رہا ہے اور سوشل میڈیا لنکس کہاں سے آرہے ہیں۔

مزید برآں، اس معاملہ میں حیدرآباد کی ایک خاتون کا نام بھی سامنے آرہا ہے جس پر ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جسے مرکزی کردار سمجھا جا رہا ہے۔ مزید بتایا جارہا ہے کہ نوجوانوں کی گرفتاری کے بعد خاتون بھی فرار ہوگئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں