حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد میں ایل پی جی اور پیٹرول کی مبینہ قلت کی افواہوں کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جس کے باعث شہر بھر میں پیٹرول پمپس اور آٹو ایل پی جی اسٹیشنز پر طویل قطاریں دیکھی جا رہی ہیں، حالانکہ حکومت نے بارہا واضح کیا ہے کہ ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہے۔
پیر کی رات سے ہی شہر کے مختلف علاقوں عنبر پیٹ، عطاپور، کوکٹ پلی، اپل بی نگر، ملک پیٹ، چارمینار، بہادرپورہ، نامپلی، مہدی پٹنم، ٹولی چوکی، سنتوش نگر اور چندرا یان گٹہ سمیت دیگر مقامات پر گاڑیوں اور آٹو رکشوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کئی مقامات پر “نو اسٹاک” کے بورڈز بھی لگائے گئے، جس سے شہریوں میں مزید تشویش پیدا ہوئی۔
ایک شہری نے بتایا کہ انہیں پیٹرول بھرانے کے لیے آدھا گھنٹہ سے زیادہ کا انتظار کرنا پڑا، جبکہ عام دنوں میں یہ کام چند منٹوں میں مکمل ہو جاتا ہے۔ ایک اور شہری نے بتایا کہ پٹرول کےلئے جہاں پہلے پانچ منٹ لگتے تھے، اب 45 منٹ تک انتظار کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ لوگ ٹینک مکمل بھروا رہے ہیں۔
آٹو رکشہ ڈرائیورز کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک ڈرائیور نے بتایا کہ دوپہر کے وقت کم از کم 30 منٹ اور صبح و شام ایک گھنٹے تک انتظار کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ کچھ اسٹیشنز دن میں چند گھنٹوں کے لیے ہی کھل رہے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث کئی ڈرائیورز نے کرایوں میں غیر سرکاری اضافہ کر دیا ہے، جس پر مسافروں کے ساتھ تنازعات بھی سامنے آرہے ہیں۔
اس کا اثر روزمرہ زندگی پر بھی پڑ رہا ہے، خاص طور پر اسکول جانے والے بچوں کے والدین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک سرکاری اسکول کے استاد کے مطابق، اگر اضافی کرایہ نہ دیا جائے تو آٹو ڈرائیور بچوں کو لے جانے سے انکار کر دیتے ہیں۔
تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ صورتحال حقیقی قلت کی وجہ سے نہیں بلکہ افواہوں کے باعث ہونے والی “پینک بائنگ” کا نتیجہ ہے۔ محکمہ صارفین امور، خوراک و شہری رسد نے کہا ہے کہ ریاست میں پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی سپلائی مکمل طور پر مستحکم ہے اور ریفائنری سے مقامی ڈپو تک سپلائی چین معمول کے مطابق کام کر رہی ہے۔
حیدرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار نے بھی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گھبرائیں نہیں اور غیر ضروری طور پر پمپس پر ہجوم نہ کریں، کیونکہ اس سے ٹریفک جام اور مزید مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہر میں ایندھن کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور سپلائی بلا تعطل جاری ہے۔
حکام نے ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ اور ایل پی جی سلنڈرز کی غیر قانونی منتقلی کے خلاف سخت کارروائی کی بھی وارننگ دی ہے۔ عوامی شکایات کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1967 جاری کیا گیا ہے۔


