حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ اسمبلی نے ایک اہم قانون منظور کیا ہے۔ اب ایسے ملازمین کی تنخواہ سے کٹوتی کی جائے گی جو اپنے زیر کفالت والدین کی دیکھ بھال نہیں کرتے۔ ریونت ریڈی کی قیادت والی کانگریس حکومت کی جانب سے اس اہم بل کو منظور کرنے کےلئے اقدامات کئے گئے تھے جس کا مقصد بزرگ والدین کے حقوق کا تحفظ اور خاندانی ذمہ داریوں کو یقینی بنانا ہے۔
سرکاری و نجی شعبے کے ملازمین، حتیٰ کہ عوامی نمائندے بھی اس کے دائرہ کار میں آئیں گے۔ اگر کوئی ملازم والدین کی کفالت میں ناکام رہتا ہے تو اس کی تنخواہ سے 15 فیصد یا زیادہ سے زیادہ 10 ہزار روپے کاٹ کر براہ راست والدین کے اکاؤنٹ میں منتقل کیا جائے گا۔
حکومت کے مطابق یہ قانون محض سزا دینے کے لیے نہیں بلکہ ایک سماجی اقدام ہے، جس کا مقصد خاندانی اقدار کو مضبوط بنانا اور بزرگوں کو بہتر زندگی فراہم کرنا ہے۔


