حیدرآباد میں خوفناک سڑک حادثہ: ڈرائیور نے خاتون کو گاڑی کے نیچے ایک کیلو میٹر تک گھسیٹا! ہانیہ عائشہ جاں بحق، شوہر عبدالباسط شدید زخمی ( ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) شہر کے آئی ٹی ہب مادھاپور میں ہفتہ کی رات ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار ڈی سی ایم گاڑی نے اسکوٹی پر سوار میاں بیوی کو ٹکر مار دی۔ حادثہ کے بعد ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے خاتون کو گاڑی کے نیچے گھسیٹتے ہوئے تقریباً ایک کیلومیٹر (کچھ اطلاعات کے مطابق پانچ کیلومیٹر تک) تک لے گیا، جس کے نتیجے میں 22 سالہ ہانیہ عائشہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ ان کے شوہر 26 سالہ عبدالباسط شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق یہ جوڑا کیرالا سے تعلق رکھتا تھا اور حیدرآباد میں ملازمت کے سلسلے میں مقیم تھا۔ دونوں شہر کے ایک معروف جیولری اسٹور میں کام کرتے تھے اور مہیشورم کے قریب رہائش پذیر تھے۔ ہفتہ کی شب کوکٹ پلی میں فلم دیکھنے کے بعد وہ واپس گھر جا رہے تھے کہ مائنڈ اسپیس کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔

ٹکر کی شدت سے عبدالباسط سڑک کنارے جا گرے جبکہ عائشہ اسکوٹی سمیت گاڑی کے نیچے پھنس گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق گاڑی کے نیچے سے چیخ و پکار سنائی دے رہی تھی، مگر ڈرائیور نے گاڑی نہیں روکی۔ بعد ازاں مقامی افراد اور دیگر گاڑی سواروں نے تعاقب کرکے ڈی سی ایم کو روکا، تاہم ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جبکہ کلینر کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

پولیس نے فوری طور پر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے عائشہ کی موت کی تصدیق کر دی، جبکہ عبدالباسط کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے کرناٹک رجسٹریشن والی گاڑی کو ضبط کر لیا ہے اور مفرور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس نے عوام میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں