حیدرآباد (دکن فائلز) کھمم ضلع میں ایک حیران کن واردات پیش آئی ہے جہاں چوروں نے دن دہاڑے ایک گھر میں گھس کر نہ صرف زیورات اور نقدی بلکہ باورچی خانے کا سامان اور گیس سلنڈر تک چرا لیا۔
یہ واردات کھمم میں پینوبلی منڈل کے لنکاپلی گاؤں میں پیش آئی، جہاں مسجد کے موذن کمال الدین اپنی اہلیہ کے ساتھ مسجد کے احاطے میں رہائش پذیر ہیں۔ جمعہ کی دوپہر جب میاں بیوی کسی کام سے باہر گئے ہوئے تھے، اسی دوران نامعلوم افراد نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر کا تالا توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔
چوروں نے سب سے پہلے الماری توڑ کر اس میں موجود تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات، 10 ہزار روپے نقد اور چاندی کی اشیاء لوٹ لیں۔ تاہم حیران کن طور پر انہوں نے باورچی خانے کا رخ کرتے ہوئے وہاں موجود روزمرہ استعمال کی اشیاء جیسے پیاز، دال، کھانے کا تیل اور یہاں تک کہ گیس سلنڈر بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
جب متاثرہ جوڑا واپس گھر پہنچا تو بکھرے ہوئے سامان کو دیکھ کر دنگ رہ گیا۔ زیورات کے ساتھ گھریلو اشیاء کی چوری نے اس واقعے کو مزید غیر معمولی بنا دیا ہے، جو علاقے میں موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔
تلنگانہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کلوز ٹیم کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ دن دہاڑے، وہ بھی ہائی وے کے قریب واقع گھر میں اس نوعیت کی واردات نے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے، جبکہ پولیس نے جلد از جلد ملزمان کی گرفتاری کا یقین دلایا ہے۔


