حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں دسویں جماعت (SSC) کے لاکھوں طلبا کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے، جہاں طویل انتظار کے بعد پبلک امتحانات کے نتائج کے اعلان کی تاریخ قریب آ گئی ہے۔
محکمہ تعلیم کے تازہ اپڈیٹ کے مطابق نتائج مئی کے پہلے ہفتے کے بجائے 29 اپریل کو دوپہر 2 بجے ہی جاری کردیئے جائیں گے۔ طلبا نتائج آفیشل ویب سائٹس results.bsetelangana.org, results.bse.telangana.gov.in, bse.telangana.gov.in اور school.edu.telangana.gov.in پر جاری ہونے کے بعد دیکھ سکتے ہیں۔
طلباء MeeSeva WhatsApp (8096958096) سے TS SSC 2026 کے نتائج بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اس سال بورڈ آف سکینڈری ایجوکیشن تلنگانہ کے تحت منعقد ہونے والے امتحانات 14 مارچ سے 16 اپریل تک جاری رہے، جن میں ریاست بھر سے تقریباً 5,28,239 طلبہ نے شرکت کی۔ ان میں سے تقریباً 5.15 لاکھ طلبہ ریگولر امیدوار تھے۔
اطلاعات کے مطابق 23 اپریل تک جوابی پرچوں کی جانچ مکمل کر لی گئی ہے، جس کے بعد نتائج کی تیاری کا عمل آخری مراحل میں ہے۔ ریاستی حکومت کی منظوری کے بعد نتائج کو جلد جاری کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
طلبہ اور والدین میں نتائج کے اعلان کو لے کر بے چینی عروج پر ہے، جبکہ تعلیمی ادارے بھی اگلے تعلیمی سال کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔


