ملک کی آزادی کے لیے مسلم علما کی جانثارانہ خدمات، نئی نسل کو اپنے اسلاف کی قربانیوں سے آگاہ کرانا ضروری: مفتی محمود زبیر

مفتی محمود زبیر قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیت علما تلنگانہ و آندھرا پردیش نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمارا پیارا ملک ہندوستان اپنی آزادی کے 75 سال مکمل کرنے جارہا ہے، ملک کی جدوجہد آزادی کے عظیم رہنما اور قابل قدر قائد شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت کے جانشین و فرزند خود مجاہد آزادی جمعیت علما ہند کے صدر محترم، قائد ملت حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب دامت برکاتہم کی ملک کی آزادی اور خود مختاری کیلئے دی جانے والی عظیم قربانیاں نیز ہمارے اکابر و اسلاف کی جانب سے ملک کی آزادی کی طویل ترین جد و جہد اور جانثاری کی سنہری تاریخ ہماری نئی نسل کے سامنے تفصیل اور مکمل وضاحت کے ساتھ رکھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 15 اگست جہاں یوم آزادی کے طور پر منایا جاتا ہے، اس موقع پر تمام مسلمانوں سے گذارش ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں بڑے پیمانے پر جشن آزادی کے پروگراموں کا انعقاد کریں اور اس میں بالخصوص جدوجہد آزادی کے مسلم رہنماؤں کی تاریخ اور ان کی گراں قدر قربانیوں کا ضرور تذکرہ فرمائیں اور اس سے ہماری نسل کو روشناس کروانے کا اہتمام فرمائیں۔ یہی وہ بنیادی چیزیں ہیں جس سے ہماری نسل میں اس ملک میں اپنی حصہ داری کا جذبہ پروان چڑھے گا اور نئی جستجو اور حوصلہ کے ساتھ وہ اس ملک کی ترقی اور بہبود کا حصہ بنیں گے۔

جمعیت علما ہند کے تمام منڈلس اور ضلع کی یونٹوں سے بھی خواہش کی گئ ہے کہ سابق کی طرح جشن آزادی کا اپنے منڈلوں اور ضلع مستقر پر جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے اہتمام فرمائیں، جس میں مختلف طبقات اور مختلف مذاہب کے رہنماؤں کو بھی مدعو کرنے کا اہتمام فرمائیں، اس خصوص میں مساجد کے ائمہ اور صدور سے بھی بھر پورتعاون لیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں