حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت نے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے ایک اہم اور خوش آئند قدم اٹھاتے ہوئے ان کے بقایہ جات کی ادائیگی کے لیے 1000 کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں۔ اس فیصلے سے طویل عرصے سے واجب الادا جی پی ایف (جنرل پروویڈنٹ فنڈ) کی رقم کا مسئلہ بڑی حد تک حل ہو گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر 2025 تک زیر التوا تمام جی پی ایف بقایاجات کو ایک ساتھ کلیئر کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ریاستی محکمۂ خزانہ نے باضابطہ احکامات جاری کرتے ہوئے ریٹائرڈ ملازمین کو بڑی راحت فراہم کی ہے، جو کافی عرصے سے اپنی جمع پونجی کے حصول کے منتظر تھے۔
واضح رہے کہ بقایاجات کی ادائیگی میں تاخیر پر حال ہی میں تلنگانہ ہائی کورٹ نے بھی برہمی کا اظہار کیا تھا اور حکومت کو اس مسئلے کے فوری حل کی ہدایت دی تھی۔ عدالت کے اس سخت موقف کے بعد حکومت نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے فنڈز جاری کیے۔
حکومت نے نہ صرف پرانے بقایاجات ادا کیے ہیں بلکہ آئندہ کے لیے ادائیگی کے نظام کو مزید مؤثر اور تیز بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ماہانہ ادائیگی کی حد میں اضافہ کرتے ہوئے اسے مزید 1000 کروڑ روپے تک بڑھا دیا گیا ہے، تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی تاخیر سے بچا جا سکے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے ریٹائرڈ ملازمین کے کلیمز اور بلوں کی بروقت ادائیگی ممکن ہو سکے گی اور انہیں مالی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف ملازمین کے اعتماد کو بحال کرے گا بلکہ ریاستی مالی نظم و نسق میں بھی بہتری کا باعث بنے گا۔


