ڈاکٹر شیخ محمد عثمان صدر برائٹ بگن تلنگانہ وسکریٹری شعبہ ملی اُمورجماعت اسلامی ہندحلقہ تلنگانہ نے مسلم نوجوانوں (مردوخواتین) سے اپیل کی کہ وہ13اور14/اگست2022ء کوتاج پیالیس فنکشن ہال بنڈلہ گوڑہ حیدرآباد پر منعقد ہونے والے دوروزہ بزنس ایکسپومیں ضرور شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہBright Begin ایک سماجی پلیٹ فارم ہے جو جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کے شعبہ ملی اُمور کے تحت کام کرتا ہے جس کا مقصد مسلم نوجوانوں کوتجارت،صنعت وحرفت کے میدان میں آگے بڑھانا ہے اوراُمت میں بڑے پیمانے پرشعور بیدار کرنا ہے۔لہٰذا اس ایکسپو کے ذریعہ نوجوانوں کوتجارت اور کاروبار کے لیے رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ماہرتاجرین‘ تجربہ کار صنعت کار اس ایکسپومیں شرکت کریں گے اور اپنے تجربات کی روشنی میں رہنمائی کریں گے۔ اس کے علاوہ تجارت کی ہنرمندیوں اور صلاحیتوں پرسمینارمنعقد ہوں گے۔ ساتھ ہی حکومت کی مختلف اسکیمات سے بھی روشناس کرایاجائے گا۔
شیخ محمدعثمان نے کہا کہ یہ تبدیلیوں کا دور ہے مسلمانوں بالخصوص نسل نو کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے امکانات کی وسیع دنیا سے اپنا مناسب حصہ حاصل کریں اور روزگار کے ذریعہ خود بھی مالک بنیں اور دوسروں کے لیے بھی روزگار مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ وطن عزیز میں خوشحالی کے حالات پیدا کریں۔ڈاکٹر شیخ عثمان نے کہا کہ اس ضمن میں جماعت اسلامی ہند کے قائم کردہ ایک اور ادارہ رفاہ چیمبرس آف کامرس سے بھی تعاون لیاجائے گا۔ اس کے علاوہ ریاست کے مختلف خانگی ادارہ جات بھی اس ایکسپو کے انعقادمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے عامۃ المسلمین بالخصوص نوجوانوں سے کثیرتعدادمیں اس ایکسپو میں حصہ لینے استفادہ کرنے اور اسے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔اس ضمن میں مزید تفصیلات کے لیے فون نمبر9985374331پر ربط کیاجاسکتا ہے۔