حیدرآباد (دکن فائلز) بنگلہ دیش میں ایک دل دہلا دینے والا مگر ایمان افروز واقعہ پیش آیا، جہاں ایک باپ نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر اپنے کمسن بیٹے کو موت کے منہ سے نکال لیا۔ یہ واقعہ بھیرب ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایک خاندان ٹرین میں سوار ہونے کے لیے پلیٹ فارم پر موجود تھا کہ اسی دوران بچے کی ماں کا پاؤں پھسل گیا اور وہ اپنے بچے سمیت گر گئی۔ حادثے کے نتیجے میں بچہ پلیٹ فارم اور ٹرین کے درمیان موجود خطرناک خلا میں جا گرا، جبکہ تیز رفتار ٹرین قریب آ رہی تھی۔
اس نازک لمحے میں بچے کے والد نے ایک لمحہ ضائع کیے بغیر پٹری پر چھلانگ لگا دی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ باپ نے فوری طور پر بچے کو اٹھایا اور خود اس کے اوپر لیٹ کر اسے اپنی آغوش میں محفوظ کر لیا۔ چند ہی لمحوں بعد ٹرین ان کے اوپر سے گزر گئی، مگر قدرت کا کرشمہ کہ دونوں محفوظ رہے۔
ٹرین گزرنے کے بعد ماں چیختی ہوئی اپنے شوہر اور بچے کے پاس پہنچی، جبکہ اسٹیشن پر موجود دیگر افراد بھی فوری مدد کے لیے دوڑ پڑے۔ اس واقعے نے دیکھنے والوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔
سوشل میڈیا صارفین اس باپ کی جرات اور محبت کو سلام پیش کر رہے ہیں۔ واقعی، باپ، باپ ہوتا ہے—وہ ہستی جو اپنی اولاد کے لیے اپنی جان تک قربان کرنے سے دریغ نہیں کرتی۔


