حیدرآباد (دکن فائلز) چینائی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پر ایک غیر معمولی واقعے نے مسافروں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا، جب شارجہ سے آنے والی ایئر عربیہ کی پرواز کے ایک مسافر نے لینڈنگ کے فوراً بعد ایمرجنسی دروازہ کھول کر طیارے سے چھلانگ لگا دی۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب طیارہ رن وے سے نکل کر ٹیکسی وے پر آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہا تھا۔ مسافر کے اچانک اس اقدام سے جہاز میں موجود دیگر افراد شدید گھبراہٹ کا شکار ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پائلٹ نے فوری طور پر گراؤنڈ سیکیورٹی کو آگاہ کیا، جس پر سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو حراست میں لے لیا اور بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق متعلقہ مسافر تمل ناڈو کے ضلع پوڈوکٹاج کا رہائشی ہے اور پرواز کے دوران طبیعت خراب ہونے کی شکایت کر رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اسے قئے کی شکایت تھی اور وہ پرواز کے دوران دو مرتبہ قئے بھی کر چکا تھا، جس کے باعث ممکنہ طور پر اس نے یہ غیر معمولی قدم اٹھایا۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعہ میں نہ کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی طیارے کو کوئی نقصان پہنچا۔ تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر کچھ دیر کے لیے مرکزی رن وے بند کر دیا گیا اور پروازوں کو متبادل رن وے پر منتقل کیا گیا۔


