چین میں خاتون کو مردوں کی آواز سنائی دینا بند، نایاب بیماری نے ڈاکٹروں کو بھی حیران کردیا

حیدرآباد (دکن فائلز) چین میں ایک عجیب و نایاب طبی معاملہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون کو اچانک اپنے بوائے فرینڈ کی آواز سنائی دینا بند ہوگئی، جبکہ وہ دیگر لوگوں کی آوازیں باآسانی سن سکتی تھیں۔ فوربس کی رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ کسی گھریلو جھگڑے کا نہیں بلکہ ایک انتہائی نایاب طبی کیفیت کا تھا جسے ’ریورس سلوپ ہیرنگ لاس‘ کہا جاتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کو ابتدا میں لگا کہ شاید سماعت میں معمولی مسئلہ ہے، لیکن جب وہ صرف مرد دوست کی آواز نہیں سن پا رہی تھیں تو معاملہ ڈاکٹروں تک پہنچا۔ طبی معائنے کے بعد معلوم ہوا کہ خاتون ایک نایاب قسم کی سماعتی خرابی کا شکار ہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق یہ بیماری مخصوص فریکوئنسی کی آوازیں سننے کی صلاحیت متاثر کرتی ہے۔ چونکہ ان کے بوائے فرینڈ کی آواز نسبتاً کم فریکوئنسی پر تھی، اس لیے وہ اسے سن نہیں پا رہی تھیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی بیماری بہت کم لوگوں میں پائی جاتی ہے اور عموماً ذہنی دباؤ، تھکن یا اعصابی مسائل کی وجہ سے پیدا ہوسکتی ہے۔

اس بیماری میں انسان اونچی آوازیں تو بالکل صاف سن سکتا ہے لیکن وہ آوازیں جو دھیمی یا بھاری ہوتی ہیں وہ اس کے کانوں تک نہیں پہنچ پاتیں۔ چونکہ زیادہ تر مردوں کی آوازیں اسی دھیمی فریکوئنسی یعنی بھاری پن کے دائرے میں آتی ہیں اس لیے وہ خاتون مردوں کی آواز سننے سے قاصر ہو گئی تھیں۔

اس بیماری کا نام ریورس سلوپ اس لیے رکھا گیا ہے کیونکہ ڈاکٹروں کے آڈیو گرام چارٹ پر اس کی لکیر عام بہرے پن کے بالکل الٹ بنتی ہے۔ عام طور پر لوگوں کو اونچی پچ والی آوازیں سننے میں دشواری ہوتی ہے لیکن اس خاتون کے معاملے میں ڈھلوان دوسری سمت میں تھی۔

خاتون کو علاج اور آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کا موضوع بنا ہوا ہے، جہاں کئی صارفین نے مزاحیہ انداز میں ردعمل دیا، جبکہ بعض نے اسے طبی سائنس کے لیے حیران کن قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں